قرآن حکیم میں روزے کا بنیادی مقصد تقویٰ کا حصول بیان کیا گیا ہے۔ روزہ ایک منفرد عبادت سے جو انسان کو باطنی طہارت کا سامان فراہم کرتی ہے۔ اس سے ایک ایسا پاکیزہ معاشرہ جنم لیتا ہے جس میں ہر فرد دکھی انسانیت کے احساس سے سراپا اضطراب ہوتا ہے اور وہ بھوک و افلاس اور تنگ دستی کے مارے ہوئے انسانوں کی مدد کے لیے بے قرار ہو جاتا ہے۔
اس کتاب میں روزے میں کار فرما حکمتوں کا تذکرہ کرتے ہوئے روزے کے ظاہری اور باطنی آداب بیان کیے گئے ہیں جن پر عمل پیرا ہو کر روزے کے فیوض و ثمرات سے ہم کما حقہ بہرہ ور ہوسکتے ہیں۔ نیز یہ کہ ہمارے لیے روزے کی حفاظت کیسے ممکن ہے، ان تمام باتوں کا جاننا روزہ دار کے لیے لازمی اور ضروری ہے۔
سوال و جواب کے انداز میں لکھی گئی یہ تالیف سلسلہ تعلیمات اسلام کی چھٹی کتاب ہے جو آٹھ ابواب پر مشتمل ہے۔ اس میں روزہ اور اعتکاف کے موضوع پر آسان و عام فہم زبان میں جامع اور مربوط انداز سے رمضان المبارک، روزہ، اعتکاف، شب قدر، فطرانہ اور عید الفطر کے حوالے سے اٹھنے والے ایک سو تریسٹھ (163) سوالات کا تسلی بخش جواب دیا گیا ہے۔ مزید برآں روزہ کے متعلق دور حاضر میں پیش آنے والے بعض جدید مسائل جیسے روزہ کی حالت میں ٹیکہ (injection) یا ڈرپ لگوانے اور انہیلر کے استعمال اور دیگر مسائل کے بارے میں بھی وضاحت کی گئی ہے۔ روزہ کے طبی فوائد اور بعض پیچیدہ امراض میں اس کے شفائی اثرات کا جائزہ بھی لیا گیا ہے اور خواتین کے مخصوص حالات کے پیش نظر روزے اور اعتکاف کے مسائل پر بھی مکمل رہنمائی ملتی ہے۔ اس سے کتاب کی افادیت کا دائرہ بہت وسیع ہوگیا ہے۔ توقع کی جاتی ہے کہ یہ کتاب نہ صرف عام ذہنی استعداد رکھنے والے ہر فرد کے لیے یکساں مفید ہوگی بلکہ تعلیمی اداروں کی درسی نشستوں اور لائبریریوں میں بھی اس سے استفادہ کیا جاسکے گا۔
Reviews
There are no reviews yet.